نابینا قاری نماز کی امامت کے دوران انتقال کر گئے

واشنگٹن: امریکا میں نابینا قاری نماز کی امامت کے دوران انتقال کر گئے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق مصر کے 37 سالہ نابینا قاری شیخ عبد اللہ کامل امریکی ریاست نیو جرسی کی ایک مسجد میں نمازیوں کی امامت کرتے ہوئے اچانک انتقال کر گئے۔ قاری عبداللہ کا تعلق مصر سے تھا۔

اسلامی مبلغ شیخ عبداللہ کامل نے کم عمری میں ہی بریل کے ذریعے قرآن پاک حفظ کرلیا تھا۔ قاری عبد اللہ کامل قرآن مجید کی دل کو چھو لینے والی تلاوت نماز میں اپنی سریلی آواز کے حوالے سے مشہور تھے۔

امریکا روانگی سے کچھ دن قبل قاری عبد اللہ کامل کے ہاں 10 اپریل کو بیٹے کی ولادت ہوئی تھی جس کی اطلاع انہوں نے سوشل میڈیا پر دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے اپنے بیٹے کا نام سفیان رکھا ہے۔ قاری عبداللہ نے 2015 میں ایک چینل پر تلاوت قرآن کے ایک مقابلے میں پہلی پوزیشن بھی حاصل کی تھی۔