روس میں ناروے کے 10 سفارتکاروں کی بےدخلی کا حکم

ماسکو: 15 روسی سفارتکاروں کی ناروے سے ملک بدری کے ردعمل میں روس نے بھی 10 ناریجیئن سفارتکاروں کو بےدخل کردیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق 10 ناروے کے سفارت کاروں کو روس سے بےدخلی کا حکم دیا گیا ہے۔ ماسکو میں ناروے کے سفیر کو مطلع کیا گیا نارویجیئن سفارت خانے میں کام کررہے 10 سفارت کاروں کو بےدخل کیا جارہا ہے۔

ناروے کی وزارت خارجہ نے روس میں اپنے سفیر کے حوالے سے بتایا کہ ماسکو نے ہمارے 10 سفارت کاروں کو ناقابل قبول قرار دے دیا ہے۔ جس کے بعد وزارت خارجہ کے ترجمان راگن ہلڈ ایچ نے ای میل میں کہا کہ سفارتکاروں کو تھوڑے ہی وقت میں روس چھوڑنا ہوگا۔

ناروے کی وزارت خارجہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ روس کا یہ اقدام، اس ماہ 15 روسی سفارتی عملے کو ناروے سے ملک بدر کیے جانے کا انتقام ہے جو مبینہ طور پر جاسوسی کے ملزمان تھے۔

دوسری جاب روسی وزارت خارجہ نے نارویجیئن سفیر کو طلب کر کے 15 روسی سفارت کاروں کو ملک بدر کرنے کے فیصلے پر احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔ روسی وزارت خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ وہ ناروے کے غیر دوستانہ اقدامات کے جواب میں دیگر اقدامات بھی کرے گی، بشمول ناروے کے سفارتی مشنوں کے لیے روسی اہلکاروں کی خدمات حاصل کرنے پر پابندیاں۔