Gold Buscuits

کینیڈا کے ایئرپورٹ سے سوا چار ارب روپے کا سونا غائب، پولیس سٹپٹا گئی

ٹورنٹو: کینیڈا کے مصروف ترین ہوائی اڈے پیئرسن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تقریباً 15 ملین ڈالر (سوا چار ارب روپے کے قریب) سونا چوری ہوگیا۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا کے پولیس حکام نے بتایا کہ رواں ہفتے ٹورنٹو پیئرسن انٹرنینشنل ایئرپورٹ پر ہوائی جہاز سے کنٹینر اتارنے کے بعد ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا۔

ریجنل پولیس انسپکٹر اسٹیفن ڈیوسٹین نے بتایا کہ عام طریقہ کار کے مطابق ہی ہوائی جہاز لینڈ ہوا جس کے بعد اُس سے کنٹینر کو اتار کر ہولڈنگ کارگو میں لے جایا گیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ کنٹینر میں سونے کے علاوہ دیگر اعلیٰ قیمتی اشیا کی کھیپ بھی موجود تھی۔ کنٹینر ہولڈنگ کارگو میں رکھنے کے کچھ دیر بعد ہی چوری ہوا جس پر پولیس کو گمشدہ کنٹینر کی اطلاع دی گئی۔

تاہم کنٹینر کہاں سے آیا تھا، اس کی آخری منزل کیا تھی اور اس کے اندر سونے کے علاوہ کون کون سی قیمتی اشیا تھیں، اس حوالے سے پولیس نے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔