Saudi Arabia

سعودی اسرائیل تعلقات؛ وزرائے خارجہ کی سطح پر رابطوں کا آغاز

تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی سعودی عرب سے ملاقات کی خواہش کے اظہار کے بعد ان کے وزیر خارجہ ایلی کوہن سرکاری دورے پر جلد ریاض جائیں گے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوجی ریڈیو سے گفتگو میں اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن نے دعویٰ کیا کہ ہمارے ساتھ ایک اور عرب ملک سفارتی تعلقات بحال کرنے والا ہے۔

ایلی کوہن نے میزبان کے اصرار کے باوجود اُس عرب ملک کا نام نہیں بتایا۔

متحدہ عرب امارات سمیت کئی عرب ممالک اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کرچکے ہیں تاہم سعودی عرب نے اسے فلسطین کے دور ریاستی حل سے مشروط کیا تھا۔

اسرائیلی وزیر خارجہ نے انٹرویو میں یہ انکشاف بھی کیا کہ ان کے سعودی عرب کا دورہ طے پا گیا ہے البتہ ابھی تاریخ کا تعین نہیں ہوسکا۔ دونوں ممالک کے حکام مشترکہ طور پر دورے کے انتظامات کو دیکھ رہے ہیں۔

وزیر خارجہ ایلی کوہن نے کہا کہ اسرائیل کی سعودی عرب سے سے کوئی دشمنی نہیں البتی ایران ضرور سعودیہ کا سب سے بڑا دشمن ہے۔ اگر ایران سے تعلقات کرسکتا ہے تو اسرائیل سے کیوں نہیں۔

وزیر خارجہ نے مزید بتایا کہ امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے اسرائیلی وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی بات کی تھی اور اسرائیلی اور سعودی عرب تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یاد رہے کہ امریکی سینیٹر سے ملاقات میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی بحالی کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔