Netherland Airbase

نیدرلینڈز کے ایف 35 لڑاکا طیاروں نے روس کے 3 جنگی طیاروں کو بھگا دیا

نیدرلینڈز کے ایف 35 لڑاکا طیاروں نے روس کے 3 جنگی طیاروں کو پولینڈ کی فضائی حدود کے قریب آنے پر بھگا دیا۔

نیدرلینڈز کی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ روس کا ایک جاسوس طیارہ اور اس کی حفاظت پر مامور دو ایس یو 27 لڑاکا طیاروں کو ہمارے طیاروں نے باہر نکال دیا۔

نیٹو ایئر کمانڈ کا کہنا ہے کہ جرمنی کے روسی طیارے بین الاقوامی فضائی حفاظتی اصولوں کو نظر انداز کرتے ہوئے دیگر فضائی طیاروں کیلئے خطرہ بنے ہوئے تھے۔

نیٹو نے کہا کہ جرمنی کے یورو فائٹرز نے روسی طیاروں کا پیچھا کیا۔

شمالی پولینڈ کی مالبورک ایئر بیس پر نیدرلینڈز نے اپنے لڑاکا طیارے تعینات کیے ہیں جنہوں نے پہلی بار کسی مشن میں حصہ لیا۔

ان طیاروں کو مارچ تک نیٹو اتحادی ممالک کی فضائی حدود کی نگرانی کی ذمہ داری دی گئی ہے۔

دوسری طرف روس کی وزارت دفاع نے آج بتایا کہ اس کے لڑاکا طیاروں نے بیرنگ سمندر میں امریکی فضائی حدود پر پیٹرولنگ کی۔

وزارت دفاع نے بیان میں کہا کہ روس کی ایرو اسپیس فورسز کے دو اسٹریٹجک میزائل بردار جہازوں نے بیرنگ سمندر کے اوپر طے شدہ پرواز کی۔

دونوں بمبار طیاروں کی پرواز 7 گھنٹوں پر محیط تھی اور ان کے ساتھ ایک ایس یو 30 لڑاکا طیارہ بھی تھا۔

روس کا کہنا ہے کہ اس طرح کی پروازیں عام ہیں اور تمام فلائٹس بین الاقوامی فضائی حدود کے قوانین کے تحت کی جاتی ہیں۔

واضح رہے کہ بیرنگ سمندر روس کے علاقے کمچاٹکا اور الاسکا کو تقسیم کرتا ہے۔