Turkey EarthQuake

ترکیہ اور شام میں زلزلے سے اموات 24 ہزار سے تجاوز کرگئیں

ترکیہ اور شام میں زلزلے سے اموات کی تعداد 24 ہزار سے تجاوز کرگئی، ایک لاکھ سے زائد افراد زخمی ہیں، 6 روز کے دوران 1500 سے زائد آفٹر شاکس آچکے ہیں، گرنے والی ہزاروں عمارتوں کے ملبے میں دبے افراد کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے، 100 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی کئی افراد کو زندہ نکال لیا گیا، دبے ہوئے افراد کے زندہ بچنے کی امیدیں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ کم ہوتی جارہی ہیں۔

ترکیہ اور شام میں 6 فروری کی صبح آنے والے زلزلے کے باعث تباہ ہونے والی عمارتوں میں دبے افراد کو نکالنے کا کام جاری ہے، دونوں ممالک میں اب تک 24 ہزار سے زائد افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

امدادی سرگرمیوں میں پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک کی ریسکیو ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

حکام اور طبی عملے کے مطابق ترکیہ میں 20 ہزار 665 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ شام میں ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 553 ہے، دونوں ممالک میں تصدیق شدہ اموات کی تعداد 24 ہزار 218 تک پہنچ گئی ہے۔

دوسری جانب شام میں اب تک 3 ہزار 600 سے زائد اموات کی تصدیق کی گئی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ سرد موسم نے لاکھوں متاثرین کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے جبکہ بہت سے لوگوں کو امداد کی اشد ضرورت تھی۔

عالمی ادارے نے کہا ہے کہ زلزلے کے بعد دونوں ممالک میں کم از کم 8 لاکھ 70 ہزار افراد کو فوری طور پر خوراک کی ضرورت ہے، صرف شام میں 53 لاکھ بے گھر افراد کو فوری پناہ درکار ہے۔

تباہ کن زلزلے کے دوران اپنے گھر کے ملبے کے نیچے پھنسی ہوئی شامی خاتون نے جس بچی کو جنم دیا تھا اس کا نام ’’آیا‘‘ رکھا گیا ہے، جس کا عربی میں مطلب ’خدا کی نشانی‘ ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نوزائیدہ بچی کے والدین اور اس کے تمام بہن بھائی قیامت خیز زلزلے کی نذر ہوگئے، بچی کی کفالت اب اس کے والد کے چچا کریں گے۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے جمعے کو شام کے متاثرہ علاقے، جہاں کرد جنگجو اور شامی باغیوں کا کنٹرول ہے، میں انسانی ہمدردی کے تحت رسائی دینے کی درخواست کی۔

کالعدم کردستان ورکرز پارٹی جسے انقرہ اور اس کے مغربی اتحادی دہشت گرد گروہ قرار دیتے ہیں، نے امدادی سرگرمیوں میں آسانی کے لیے عارضی جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔

باغیوں کے زیر قبضہ شمال مغربی شام میں تقریباً 40 لاکھ افراد انسانی امداد پر انحصار کرتے ہیں لیکن تین ہفتوں میں حکومت کے زیر کنٹرول علاقوں سے کوئی امداد نہیں پہنچی ہے۔