Turkey Tank

ترکیہ برطانیہ سے لڑاکا طیارے، فریگیٹ اور ٹینکوں کے انجن خریدنے کا خواہاں

ترکیہ نے برطانیہ سے ہتھیاروں، لڑاکا طیاروں، ٹرانسپورٹ طیاروں اور فریگیٹس خریدنے کیلئے بات چیت کی ہے۔

ترک وزیر دفاع حلوسی آکر اتوار کو لندن گئے تھے جہاں انہوں نے اپنے ہم منصب بین والس سے ملاقات کی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق دونوں وزرائے دفاع نے انقرہ کیلئے یورو فائٹر لڑاکا طیارے، سی 130 ٹرانسپورٹ طیارے اور بحری فریگیٹس خریدنے سمیت ترکیہ کے پرانے ایم 60 ٹینکوں کیلئے نئے انجن خریدنے پر بات کی۔

اتنے بڑے پیمانے پر اسلحہ خریداری کی ڈیل کیلئے 10 ارب ڈالر کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

ترک ذرائع نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ ہم مذاکرات کے آخری مراحل میں نہیں ہیں، ہم ان تمام چیزوں کی خریداری لئے اپنے آپشنز کا جائزہ لے رہے ہیں۔

برطانوی وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا کہ ڈیفنس سیکریٹری نے ترک ہم منصب سے ملاقات میں دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات کو مضبوط کرنے پر گفتگو کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں شخصیات نے اسلحہ فراہمی پر بھی بات کی اور کچھ معاملات میں پیشرفت بھی ہوئی ہے۔

ترکیہ نے اسلحہ خریداری کیلئے برطانیہ کا رخ اس لئے کیا ہے کیونکہ اسے امریکا سے ایف 16 طیاروں کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔

امریکی کانگریس نے اسلحہ ڈیل کو سوئیڈن کی نیٹو شمولیت پر اعتراض ختم کرنے سے مشروط کر دیا ہے۔

ترک حکام نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ اگر امریکا نے ایف 16 طیارے نہ دیے تو برطانیہ سے یورو فائٹر ٹائیفون طیارے خریدے جائیں گے۔

یہ طیارے برطانیہ، جرمنی، اٹلی اور اسپین مشترکہ طور پر تیار کرتے ہیں۔