UAE Fake Sheikh

ابوظہبی کا ”جعلی شیخ“ بھارتی ہوٹل کو لاکھوں کا چونا لگاکر فرار

ابوظہبی کا ”جعلی شیخ“ بھارت کے فائیو اسٹار ہوٹل کو لاکھوں روپے کا چونا لگاکر فرار ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایک شخص نے خود کو ابوظہبی کے شاہی خاندان کا فرد ظاہر کرکے دہلی کے ایک لگژری ہوٹل میں چار ماہ تک قیام کیا اور 23 لاکھ روپے کا بل ادا کیے بغیر وہاں سے رفوچکر ہوگیا۔

ہوٹل انتظامیہ نوسرباز کی باتوں میں آکر اُسے چار ماہ تک وی وی آئی پی پروٹوکول فراہم کرتی رہی اور اسکے من پسند کھانوں اور آرام کا خاص خیال رکھا گیا۔

محمد شریف نامی شخص نے یکم اگست 2022 کو لیلا پیلس کے کمرہ نمبر 427 میں قیام کیا تھا جہاں سے وہ 20 نومبر کو خاموشی سے چلا گیا۔

ہوٹل انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ نوسرباز نے جاتے جاتے کمرے سے چاندی کے برتن اور موتیوں کی ٹرے سمیت کئی اشیاء بھی چوری کرلیں۔

اگست میں ہوٹل پہنچنے پر محمد شریف نے عملے کو بتایا تھا کہ وہ متحدہ عرب امارات کا رہائشی ہے اور ابوظہبی کے شاہی خاندان سے تعلق رکھتا ہے اور سرکاری کام کے سلسلے میں بھارت آیا ہے۔

اُس نے اپنی کہانی کو سچ ثابت کرنے کیلئے ایک بزنس کارڈ، متحدہ عرب امارات کا رہائشی کارڈ اور دیگر دستاویزات بھی دکھائیں۔

مبینہ نوسرباز نے ہوٹل میں چار ماہ تک قیام کیا جس کا بل 35 لاکھ بھارتی روپے بنا مگر وہ بل دیے بغیر ہی ہوٹل سے چلا گیا۔

لیلا پیلس ہوٹل انتظامیہ کی شکایت پر دہلی پولیس سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے محمد شریف کی تلاش کر رہی ہے جس پر دھوکہ دہی اور چوری کا الزام لگایا گیا ہے۔

پولیس ان دستاویزات کا بھی معائنہ کر رہی ہے جو اس نے ہوٹل میں جمع کرائی تھیں اور امکان ہے کہ وہ سب جعلی ہیں۔