Foriegn Office of Pakistan

اسرائیل غیرقانونی اقدامات بند اورمسلمانوں کے مقدس مقامات کا احترام کرے،دفترخارجہ

پاکستان نے اسرائیلی وزیر کی طرف سے مسجد الاقصیٰ کے احاطے کا دورہ کرنے کے اشتعال انگیز اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے غیر قانونی اقدامات بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ مسجد الاقصیٰ ایک مقدس مقام ہے جس کا دنیا بھر کے مسلمان احترام کرتے ہیں، اس کے تقدس کی خلاف ورزی مسلمانوں کی مذہبی حساسیت کو مجروح کرتی ہے۔

فلسطینی عوام کی جائز قانونی جدوجہد کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے دفتر خارجہ نے کہا پاکستان 1967 کی سرحدوں اور آزاد فلسطینی ریاست کا حامی ہے۔

دوسری جانب وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی وزیر کے اشتعال انگیز دورہ کی سخت مذمت کردی، کہا اسرائیل غیرقانونی اقدامات بند اور مسلمانوں کے مقدس مقامات کا احترام کرے۔

خیال رہے کہ ایک اسرائیلی وزیر نے گزشتہ روز مسجد الاقصیٰ کے احاطے کا دورہ کیا تھا جس پر فلسطینیوں میں غصہ اور خوف کا ماحول پایا جارہا ہے جبکہ مسلم ممالک نے بھی اس عمل کی سخت مذمت کی ہے۔