بھارتی فوج کا ٹرک کھائی میں گرنے سے 16 اہلکار ہلاک

بھارتی فوج کا ٹرک پہاڑ سے نیچے گرنے سے تین افسران سمیت 16 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شمالی سکم کے علاقے زیما میں فوج کا ایک ٹرک پہاڑ سے نیچے گرنے کے نتیجے میں کم از کم 16 فوجی ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔

بھارتی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ حادثہ جمعہ کو اس وقت پیش آیا جب گاڑی موڑ کاٹتے ہوئے پھسل کر کھائی میں گر گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جمعہ کی صبح بھارتی فوج کی تین گاڑیوں کا قافلہ تھانگو کی طرف روانہ ہورہا تھا کہ اس دوران قافلے میں شامل ایک ٹرک بے قابو ہوکر سڑک سے نیچے گرگیا۔

حادثے کے بعد علاقے میں فوری ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا ہے اور ٹرک سے 4 فوجیوں کو زخمی حالت میں نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا ہے، مرنے والوں میں تین جونیئر کمیشنڈ آفیسر اور 13 سپاہی شامل ہیں۔