Sea Horse

دریائی گھوڑے نے بچے کو نگلنے کے بعد دوبارہ باہر اُگل دیا

دریائی گھوڑے (ہیپو) نے 2 سالہ بچے کو نگلنے کے بعد دوبارہ اگل دیا، حیران کن طور پر اس حملے کے بعد وہ بچہ زندہ بچنے میں کامیاب رہا۔

یہ واقعہ مغربی یوگنڈا کی جھیل ایڈورڈ کے کنارے پیش آیا، 2 سالہ بچہ اپنے گھر کے قریب کھیل رہا تھا اور جھیل کا کنارہ اس سے 800 گز دور تھا، دریائی گھوڑا اس جھیل سے باہر آیا اور اپنے بڑے جبڑے میں بچے کو دبوچ کر نگل لیا۔

جب وہ بچے کو نگل رہا تھا تو ایک مقامی شخص نے یہ دیکھ لیا جس نے دریائی گھوڑے پر پتھر برسانے شروع کردیئے جس کے بعد دریائی گھوڑے نے بچے کو دوبارہ باہر اگل دیا اور پھر جھیل میں واپس چلا گیا۔

مقامی پولیس کے مطابق یہ اس طرح کا پہلا واقعہ ہے جب ایک دریائی گھوڑے نے جھیل سے باہر اتنی دور آ کر کسی بچے پر حملہ کیا، دریائی گھوڑے نے بچے کا سر جبڑے میں دبوچ کر آدھا جسم نگل لیا تھا مگر مقامی شخص کی بہادری کے باعث بچے کی زندگی بچ گئی۔

دریائی گھوڑے کے حملے سے بچہ زخمی ہوگیا تھا جسے علاج کیلئے ہسپتال میں منتقل کیا گیا۔