Riyadh Airport

شہزادہ سلمان کا ریاض میں نیا ایئرپورٹ بنانے کا اعلان

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے دارالحکومت ریاض میں نیا ایئرپورٹ بنانے کا اعلان کر دیا۔

نیا ’شاہ سلمان انٹرنیشنل ایئرپورٹ‘ 2030 تک 12 کروڑ مسافروں کو سروس فراہم کرے گا۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق نئے اور جدید ایئرپورٹ کے ذریعے ریاض شہر کی بطور سیاحت، ٹرانسپورٹ اور عالمی لاجسٹکس کے مرکز کے طور پر پوزیشن مزید مستحکم ہوگی۔

یہ دنیا کے سب سے بڑے ایئرپورٹس میں سے ایک ہوگا اور اس میں 6 متوازی رن وے ہوں گے جبکہ 2050 تک ساڑھے 30 لاکھ ٹن کارگو ہینڈل کیا جائے گا۔

شاہ سلمان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بجلی کا انتظام قابلِ تجدید توانائی کے ذریعے کیا جائے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ نیا ایئرپورٹ ریاض کو دنیا کی 10 بڑی معیشتوں والے شہروں میں شامل کروانے کے لئے ایک بڑے منصوبے کا حصہ ہے۔

یاد رہے کہ شہر کا موجودہ شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ نومبر 1983 میں فعال ہوا تھا۔