Iran Drone

ایران مشرق وسطیٰ سے یوکرین تک خونریزی پھیلا رہا ہے، برطانیہ

مناما: برطانوی وزیر خارجہ نے بحرین میں ایک تقریب سے خطاب میں الزام عائد کیا ہے کہ ایران مشرق وسطیٰ سے یوکرین تک خونریزی پھیلا رہا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ کے وزیر خارجہ نے بحرین کے دارالحکومت مناما میں ہونے والی ایک ڈائیلاگ کانفرنس سے خطاب میں ایران اور روس پر کڑی تنقید کرتے ہوئے دونوں کو دنیا کے امن کے لیے خطرہ قرار دیا۔

برطانوی وزیر خارجہ جیمس کلیورلی نے ایران پر مشرق وسطی سے یوکرین تک خونریزی پھیلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے جارحانہ عزائم کا مقابلہ کرنے کے لیے اتحادیوں کو مل کر کام کرنا چاہیئے۔

جیمس کلیورلی نے مزید کہا کہ ایران کے پاس جوہری توانائی کی طاقت اور زیادہ مضبوط ہوچکی ہے اور وہ اپنے ہتھیاروں کو پھیلاؤ بھی کر رہا ہے جس سے پورے یورپ کو خطرہ ہے۔

برطانوی وزیر خارجہ نے روسی صدر ولادیمیر پوٹن کی جارحانہ پالیسی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے روس کو عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دیا۔

جیمس کلیورلی نے مزید کہا کہ روس کی یوکرین میں جارحیت سے دنیا کو غذائی قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس سے جنگ زدہ ممالک شام، یمن اور لبنان سب سے زیادہ مشکلات میں ہیں جو پہلے ہی انسانی ہمدردی کی ہنگامی صورتحال اور اقتصادی بحران میں پھنسے ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ یوکرین، امریکا اور مغربی اتحاد نے الزام عائد کیا تھا روس نے یوکرین پر جو خودکش ڈرونز داغے وہ ایران نے فراہم کیے تھے اور اس بنیاد پر ایران کی مختلف کمپنیوں پر پابندی بھی عائد کی گئی تھی۔

ایران پہلے تو اس الزام پر خاموشی اختیار کیے ہوئے تھا تاہم بعد میں ایرانی وزیر خارجہ نے روس کو ڈرونز کی فروخت کو تسلیم کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ جب یہ ڈرونز فراہم کیئے گئے تو یوکرین جنگ کا دور دور تک پتہ نہ تھا۔