سی آئی ڈی ڈرامے سے سیکھ کر سفاک باپ نے بیٹی کو قتل کردیا

ناگپور: بھارت میں سفاک باپ نے اپنی بیٹی کو قتل کرکے خودکشی کا رنگ دیدیا اور قتل کی یہ بے رحمانہ واردات معروف ڈرامے سی آئی ڈی سے سیکھ کر انجام دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سفاک باپ نے قتل سے پہلے پوری کہانی بنائی جیسا اُس نے معروف ڈرامے سی آئی ڈی میں دیکھا تھا اور مقتولہ کو بھی اس کہانی میں شامل کیا۔

یہ دل دہلادینے والی واردات ریاست مہاراشٹر کے شہر ناگپور میں ہوئی جہاں 42 سالہ باپ نے بیوی کو سبق سکھانے کے لیے اپنی 16 سالہ بیٹی کو قتل کردیا اور پولیس کو گمراہ کرنے کے لیے اسے خودکشی کا رنگ دیا۔

چھوٹے لال راجک اپنی دوسری بیوی کوشلیا کے ساتھ رہتا تھا۔ پہلی بیوی نے 2016 میں خودکشی کرلی تھی اور حال ہی میں اس نے دوسری شادی کی تھی۔ ساتھ میں پہلی بیوی سے تین بچے بھی رہتے تھے۔

ایک ماہ قبل اس کی دوسری بیوی ناراض ہوکر اپنے ماں باپ کے گھر چلی گی جس پر اس نے اپنی بیوی کو سبق سکھانے کی ٹھانی اور سی آئی ڈی ڈرامے کے اسکرپٹ پر عمل کرتے ہوئے بچوں کو کہا کہ اس پلان سے تمھاری ماں واپس آجائے گی۔

بے رحم باپ نے ڈرامے کی طرز پر اپنی بیٹی ماہی کو کہا کہ تمھیں خودکشی کا ڈرامہ کرنا ہے۔ خودکشی کا سن کر ماں ڈر کر واپس آجائے گی۔