پنڈی میٹرک امتحان: پرچوں کی غلط مارکنگ پر 435 ملازمین کو جرمانے و تاحیات نااہلی کی سزا

راولپنڈی:
محکمہ تعلیم راولپنڈی بورڈ نے امتحانی پرچوں کی مارکنگ میں کوتاہی پر بڑا ایکشن لے لیا، چیئرمین بورڈ نے شکایات ثابت ہونے پر 435 افسران و اہل کاروں کو ایک تا تین سال اور متعدد کو تاحیات نا اہل قرار دینے کی سزائیں سنا دیں۔

اس حوالے سے چئیرمین محمد عدنان خان اور کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ پیپروں کی مارکنگ میں کوتاہی اور نااہلی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، امتحان میٹرک فرسٹ اینول 2024 میں شامل امتحانی امیدواران نے پیپروں کی ری چیکنگ میں مارکنگ والے عملے کی کوتاہی اور نا اہلی کو اجاگر کیا اور تحریری درخواست میں ان کی نشاندہی کی۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے انکوائری کمیٹی تشکیل دے کر چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی محمد عدنان خان کو بھجوا دی جس کا چیئرمین بورڈ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے 435 مارکنگ عملہ بشمول سیکریسی آفیسرز، ہیڈ ایگزامینرز، سب ایگزامینرز، اسسٹنٹ ٹو ہیڈ ایگزامینرز، اسپیشل سپر چیکر، نمائندہ بورڈ، ڈیٹا انٹری آپریٹر برائے مارکنگ سینٹر کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرنے کا حکم دے دیا اور مکمل تحقیق کے بعد رپورٹ چیئرمین آفس میں جمع کرانے کی ہدایت کی۔

پانچ رکنی کمیٹی کی سربراہی چیف سیکریسی آفیسر میٹرک کر رہے تھے۔ پانچ رکنی کمیٹی نے اپنی رپورٹ/ سفارشات کنٹرولر امتحانات کو پیش کر دیں۔

چئیرمین بورڈ نے کنٹرولر امتحانات کی طرف سے بھجوائی گئی رپورٹ سے اتفاق کرتے ہوئے ان کے خلاف انکوائری کمیٹی کی طرف سے تجویز کردہ سزاوں پر فوری عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی جس کے تحت 9 سیکریسی آفیسر، 66 ہیڈ ایگزامینرز، 210 سب ایگزامینرز، 119اسسٹنٹ ٹو ہیڈ ایگزامینرز، 22 اسپیشل سپر چیکر، 8 نمائندہ بورڈ جبکہ ایک ڈیٹا انٹری آپریٹر برائے مارکنگ سینٹر کو اغلاط کی نوعیت کے مطابق وارننگ، معاوضہ کٹوتی اور ایک سال، 2 سال، 3 سال اور تاحیات بورڈ کی تمام ڈیوٹیز کیلئے نااہلی کی سزائیں دی گئیں۔