لاپتہ آبدوز ڈھونڈنے کی آخری کوشش، بھاری مشینری لیکر امریکی جہاز پہنچ گیا

بحرِ اوقیانوس میں سیاحوں کی لاپتہ آبدوز ٹائٹین کی تلاش چوتھے روز بھی جاری ہے، اس سلسلے میں آخری کوشش کے لیے امریکا سے بھاری مشینری کے ساتھ کارگو جہاز کینیڈا پہنچ گیا۔

برطانوی اخبار کے مطابق مشینری کو بحری جہاز پر نصب کر کے لاپتہ آبدوز کی تلاش کے لیے سمندر میں بھیجا جائے گا۔

برطانوی اخبار نے بتایا ہے کہ ہورائزن آرکٹک نامی جہاز ٹائی ٹینک پوائنٹ تک 15 گھنٹے میں پہنچے گا۔

برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ آکسیجن کم ہونے کے سبب اس کوشش کو ریسکیو کی آخری کوشش سمجھا جا رہا ہے۔

برطانوی اخبار نے یہ بھی بتایا ہے کہ جہاز ٹائی ٹینک پوائنٹ پہنچنے تک آکسیجن کی سطح مزید کم ہونے کا امکان ہے۔

امریکی بحری جہاز ہورائزن آرکٹک آج رات تک ریسکیو مشن میں شریک ہو جائے گا۔

ریسکیو مشینری امریکی کارگو طیاروں کے ذریعے کینیڈا کے ایئر پورٹ پہنچا دی گئی، امریکا سے آنے والے آلات میں کیبلز، زیرِ سمندر 19 ہزار فٹ تک جانے والے آلات شامل۔

امریکا سے آنے والے یہ امدادی آلات ہورائزن آرکٹک جہاز پر نصب کیے جائیں گے۔

غرقاب جہاز ٹائی ٹینک کی سیر کو جانے والی لاپتہ آبدوز ٹائٹین کی تلاش جاری ہے، اس حوالے سے برطانوی اخبار نے بتایا ہے کہ کینیڈا کے طیارے کو ٹائی ٹینک ڈوبنے کے مقام سے سگنلز موصول ہوئے ہیں۔

برطانوی اخبار کا دعویٰ ہے کہ سگنل ہر 30 منٹ بعد موصول ہو رہے ہیں، امریکی ہوم لینڈ سیکیورٹی کے ساتھ ای میل کے تبادلے میں یہ بات سامنے آئی ہے۔

برطانوی اخبار کے مطابق سمندر میں موجود جدید ترین ’سونو بوائیز‘ سگنل جانچنے میں کامیاب رہے ہیں۔

صدر ایکسپلورر رچرڈ گیریٹ کا اس حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں کہنا ہے کہ ڈیٹا کی بنیاد پر کہتا ہوں کہ زندگی کے اشارے ملے ہیں۔

امریکی حکومت کے درمیان رابطوں میں انکشاف ہوا ہے کہ لاپتہ آبدوز کی تلاش کے لیے اضافی سونر ڈیوائسز کے استعمال کے بعد بھی بینگنگ ساؤنڈ سنی گئی۔

امریکی میمو کے مطابق لاپتہ آبدوز کی تلاش کے دوران اضافی صوتی اثرات سنے گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی کوسٹ گارڈز نے بھی لاپتہ آبدوز کی تلاش کے دوران زیرِ سمندر آوازیں سنی جانے کی تصدیق کی ہے۔

امریکی کوسٹ گارڈز کا کہنا ہے کہ آبدوز کی تلاش کے دوران کینیڈین طیارے نے زیرِ سمندر آوازوں کا پتہ لگایا ہے۔

برطانوی اخبار کے مطابق حکام نے رپورٹ کی تصدیق نہیں کی ہے۔

بحرِاوقیانوس میں سیاحوں کی لاپتہ آبدوز ٹائٹین کی تلاش جاری ہے۔

لاپتہ آبدوز کی تلاش میں امریکا اور کینیڈا کے بحری جہاز اور طیارے حصہ لے رہے ہیں۔