واشنگٹن: امریکا کے ایک گھر میں والد کی بندوق سے کھیلنے کے دوران 4 سالہ بچے سے غیر ارادی طور پر گولی چل گئی جس کے نتیجے میں اس کا 5 سالہ بھائی ہلاک ہوگیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی شہر کینٹکی میں واقع ایک گھر میں فائرنگ کی آواز سے پولیس کی دوڑیں لگ گئیں۔
پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو 5 سالہ بچے کو خون میں لت پت پایا جب کہ ایک 7 سالہ لڑکا سہما ہوا کھڑا تھا جس کے پاس ہی ایک بندوق بھی پڑی تھی۔
تفتیش سے پتہ چلا کہ دونوں بچے گھر میں والد کی بندوق سے کھیل رہے تھے اور اس دوران گولی چل گئی۔ بچوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
یاد رے کہ امریکا میں رواں برس بچوں سے ہونے والی غیر ارادی فائرنگ کے 150 سے زائد واقعات رونما ہوئے ہیں جن میں 58 افراد ہلاک اور 100 زخمی ہوگئے۔
امریکا میں لائسنس اور اسلحہ کی خرید و فروخت کے قوانین کو سخت کرنے کے لیے حکومت پر دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔ سماجی تنظیمیں، اپوزیشن جماعتوں اور سول سوسائٹیز اس معاملے پر مظاہرے بھی کر رہے ہیں۔
حکومت کا بھی کہنا ہے کہ اسلحہ کی خرید و فروخت سے متعلق نیا قانون جلد پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔