کراچی: گھر میں دھماکہ، ایک شخص جاں بحق

کراچی کے علاقے محمود آباد میں واقع ایک گھر میں دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہو گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق محمودآباد ٹی پی ٹومیں واقع ایک گھرمیں زوردار دھماکہ ہوا ہے جس کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ پہ پہنچ کر متاثرہ گھر کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

دھماکے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پہنچ گئی ہیں اور اب تک کی اطلاعات کے مطابق ایک شخص کی لاش اور ایک شخص کو زخمی حالت میں نکال کر جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹرروانہ کر دیا گیا ہے۔ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت 45 سالہ فیض محمد ولد قادرجبکہ زخمی کی شناخت 40 سالہ منور ولد جاوید کے نام سے ہوئی ہے۔دھماکے کی وجہ سے گھرکا ایک حصہ مکمل طورپر منہدم ہو گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اس قدرشدید نوعیت کا تھا کہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ ریسکیو ٹیمیں تاحال جائے وقوعہ پر موجود ہیں اورآپریشن جاری ہے۔دھماکے کی نوعیت کےبارے میں متضاد اطلاعات آ رہی ہیں۔

ابتدائی طور پر بتایا جا رہا ہے کہ گھر کے اندر گیس کا سلینڈر پھٹا ہے جبکہ کچھ اطلاعات کے مطابق گیس سپلائی لائن میں گیس جمع ہونے کی وجہ سے دھماکہ ہوا ہے۔

ڈسٹرکٹ ایسٹ کے سینئر سپریٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) نے سما ڈیجیٹل کو بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ گیس سلینڈر پھٹنے یا سپلائی لائن میں گیس جمع ہونے کی وجہ سے ہوا ہے لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق کچھ ایسے شواہد ملے ہیں جو کسی اور طرف اشارہ کرتے ہیں۔

زبیر نذیرنے بتایا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا گیا ہے اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپورٹ آنے تک یہ کہنا کہ دھماکہ گیس سلنڈر پھٹنے سے ہوا یا یہ ایک تخریب کاری کی کارروائی ہے۔