PTI Flag

پی ٹی آئی رہنما عمر سرفراز چیمہ کے خلاف خاتون کے اغوا کا مقدمہ درج

گوجرانوالا: تحریک انصاف کے رہنما اور سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کے خلاف خاتون کے اغوا کا مقدمہ درج ہوا ہے۔

گوجرانوالہ میں پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کے خلاف تھانہ گکھڑ میں مہوش نامی خاتون کی مدعیت میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں خاتون نے کہا ہے کہ ملزمان عمر سرفراز چیمہ اور تنویر صفدر کی ایماء پر مجھے اغواء کرنے کی کوشش کی گئی۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ملزمان فاروق، قدوس، صادق، ذیشان اور دیگر نے اسلحہ کے زور پر میری فصل بھی تباہ کی، ملزمان نے تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے کپڑے بھی پھاڑ دیے ان کے خلاف کارروائی کی جائے.