دی ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق جنوب مشرقی انگلینڈ میں چلنے والی کچھ ٹرینوں کو اس وقت سروس سے ہٹایا گیا ،جب ان کے اندر کھٹمل کی موجودگی کا انکشاف ہوا، جبکہ ڈرائیوروں کی جانب سے متاثرہ ٹرینوں میں سوار ہونے سے انکار کے باعث ریل آپریشن بھی متاثر ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ مسئلہ ہیسٹنگز، ایسٹ سسیکس کے قریب ویسٹ مرینا ٹرین کیئر ڈپو تک پہنچ چکا ہے، جہاں ٹرینوں میں کھٹمل کی موجودگی کے متعدد واقعات سامنے آنے کی اطلاعات ہیں۔ صورتحال نے اس خدشے کو جنم دیا ہے کہ یہ کیڑے ٹرینوں کے ذریعے ایک مقام سے دوسرے مقام تک منتقل ہو سکتے ہیں۔
صورتحال اس وقت مزید حساس ہوگئی جب بعض ڈرائیوروں نے مبینہ طور پر متاثرہ ٹرینوں میں سوار ہونے سے انکار کردیا۔ ڈرائیوروں کا موقف ہے کہ انہیں کام کی جگہ پر کھٹملوں کے ممکنہ پھیلا کے حوالے سے مناسب تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے۔
ریل سروس میں کھٹمل کی موجودگی نہ صرف مسافروں کے لیے تشویش کا باعث بنتی ہے بلکہ ٹرینوں کی صفائی، جراثیم کش کارروائی اور دوبارہ سروس میں شامل کرنے کے عمل کو بھی متاثر کرسکتی ہے۔ ایسے واقعات میں متاثرہ ٹرینوں کو عارضی طور پر الگ کرنا اور ان کی مکمل صفائی و معائنہ ضروری سمجھا جاتا ہے۔
