منگھوپیر فائرنگ کیس: کم عمر لڑکے کی ہلاکت، تحقیقات کے لیے 8 رکنی پولیس کمیٹی تشکیل

کراچی کے علاقے منگھوپیر میں گھر میں مبینہ ڈکیتی کی کوشش کے دوران فائرنگ سے کم عمر لڑکے کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات کے لیے پولیس نے 8 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق کمیٹی کی سربراہی ڈی ایس پی منگھوپیر شاکر علی کریں گے، جبکہ ڈی ایس پی سرجانی، ایس ایچ او پاکستان بازار، ایس ایچ او منگھوپیر، ایس ایچ او اورنگی ٹاؤن، ایس ایچ او پیر آباد، چوکی انچارج سرجانی اور چوکی انچارج منگھوپیر بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں شک کی بنیاد پر اب تک 5 افراد کو حراست میں لے کر ان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب جاں بحق کم عمر لڑکے روشم کی لاش سرد خانے میں موجود ہے، جبکہ اہلِ خانہ کی جانب سے انصاف کے مطالبے کے لیے گزشتہ چار روز سے منگھوپیر تھانے کے باہر دھرنا جاری ہے۔