پشاور:خیبر پختونخوا کی کابینہ نے جیل خانہ جات اور تحفظ گواہان سمیت مختلف فیصلوں کی منظوری دیدی۔
وزیر اطلاعات کے پی شفیع جان نے صوبائی کابینہ اجلاس کے فیصلوں سے متعلق بیان دیتے ہوئے بتایا کہ کابینہ کو صوبائی محتسب کے دفترکی کارکردگی رپورٹ2025 ء پیش کی گئی،کابینہ نے محتسب کی رپورٹ اسمبلی میں پیش کرنے کی منظوری دے دی۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں جیل خانہ جات، تحفظ گواہان، گاڑیوں کی رجسٹریشن اور دیگر فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
اس کے علاوہ کابینہ نے دو ماتحت یونٹس کے قیام، جی ٹو جی معاہدے اور نظرثانی شدہ نرخوں اور معمولی نوعیت کے کیسز کے قیدیوں کو2 ماہ کی معافی دینے کی منظوری بھی دی جبکہ خصوصی معافی کے فیصلے کے بعد قواعد و ضوابط کے مطابق نوٹیفکیشن جاری کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
شفیع جان کا کہنا تھا کہ کابینہ میں گلیات سے مری کو پانی کی تقسیم و فراہمی کے طریقہ کار، نرخ، واجبات کا معاملہ بھی پیش کیا گیا جس پر کابینہ نے معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں پیش کرنے کی منظوری دی۔

