ٹرمپ نے حوثیوں کیخلاف کارروائی کی سعودی درخواست مسترد کردی، امریکی میڈیا کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی حوثیوں کے خلاف فوجی کارروائی کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ یہ دعویٰ امریکی نیوز ویب سائٹ “ایکسیوس” نے اپنی رپورٹ میں کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بحیرۂ احمر میں حوثیوں سے لاحق سیکیورٹی خطرات کے پیشِ نظر شہزادہ محمد بن سلمان نے گزشتہ روز دو مرتبہ ٹیلی فون پر امریکی صدر سے رابطہ کیا اور حوثیوں کے خلاف کارروائی پر زور دیا، تاہم ٹرمپ نے اس مطالبے سے اتفاق نہیں کیا۔

ایکسیوس کے مطابق حالیہ ہفتوں کے دوران امریکی عسکری اور سول حکام نے اس معاملے پر اپنے سعودی ہم منصبوں سے متعدد رابطے کیے، جبکہ امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر بھی ہنگامی مشاورتی اجلاسوں کے لیے گزشتہ روز سعودی عرب پہنچے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ واشنگٹن میں سعودی سفارت خانے اور وائٹ ہاؤس نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل یمن کی حوثی جماعت انصار اللہ نے سعودی عرب میں حملے کیے تھے، جن میں 73 افراد زخمی ہوئے تھے۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔