کراچی:آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے5فیصد کرائے بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے مقررہ مدت میں مطالبات پر موثر پیش رفت نہ ہونے پر دوبارہ ملک گیر ہڑتال کی دھمکی بھی دے دی۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز مذمت کرتے ہیں،ہم5فیصد گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھانے کا اعلان کرتے ہیں۔
ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ پچھلے17 روز میں ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے فی لیٹر اور پیٹرول کی قیمت میں20 روپے36 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا،حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کا فیصلہ ناقابل قبول ہے،اسے فوری واپس لیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ8 اگست سے17 اگست تک ہونے والی ملک گیر ہڑتال کے دوران وزیرِ پیٹرولیم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی نہ کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی یقین دہانیوں پر ہم نے ملک گیر ہڑتال40 دن کے لیے موخر کی تھی۔
ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ ہمارے چند مطالبات تسلیم کیے گئے ہیں اور ان پر عمل درآمد بھی جاری ہے، تاہم بیشتر مطالبات تاحال التوا کا شکار ہیں۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے40 دن کا وقت مانگا تھا، مقررہ مدت میں ہمارے مطالبات پر موثر پیش رفت نہ ہوئی تو دوبارہ ملک گیر ہڑتال کا راستہ اختیار کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کو وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے تاحال کوئی موثر ریلیف فراہم نہیں کیاجارہا،دسمبر اور اگست کی ملک گیر ہڑتالوں کے دوران وفاقی و صوبائی حکومتوں نے گڈز ٹرانسپورٹرز سے جو وعدے کیے تھے، ان پر بھی فوری اور مکمل عمل درآمد کیا جائے۔

