ٹیم میں تبدیلیاں میری مرضی،مشاورت کے بغیر کی گئیں،بابراعظم

لندن:پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ لارڈز ٹیسٹ کے بعد ٹیم میں تبدیلیاں ان کے لیے بھی ایک نئی خبر تھی۔بابر اعظم کے مطابق یہ تبدیلیاں ان کی معلومات،مشاورت یا منظوری کے بغیر عمل میں لائی گئیں۔

بابر نے اعتراف کیا کہ انہیں تبدیلیوں کا علم بورڈ کے باضابطہ بیان سے ہوا، موجودہ سلیکشن کے ڈھانچے کے تحت،بطور کپتان اس عمل سے آگاہ ہونا چاہیے تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھاکہ لارڈز ٹیسٹ کے اختتام پر 7 کھلاڑیوں کو ٹیم سے ڈراپ کرنے سے متعلق پی سی بی نے جو فیصلہ کیا ہے کچھ سوچ کر ہی کیا ہوگا۔

انگلینڈ کے خلاف لندن کے لارڈز کرکٹ گرائونڈ پر ایجبسٹن ٹیسٹ سے ٹھیک ایک دن پہلے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم پہلی بار میڈیا کے سامنے آئے۔لارڈز ٹیسٹ میں194 رنز سے شکست پر بات کرتے ہوئے بابر اعظم بولے ہم اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ لارڈز ٹیسٹ میں ٹیم نے کسی شعبے میں متاثر کن کھیل پیش نہیں کیا۔