حکومت کی ساڑھے7لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری

کراچی:حکومت نے7لاکھ50ہزار میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی، ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی)نے گندم کی درآمد کے لیے بین الاقوامی ٹینڈر جاری کردیا۔

ٹی سی پی کے مطابق درآمد کی جانے والی گندم تازہ ترین فصل سے حاصل شدہ ہونی چاہیے جبکہ عالمی سپلائرز کی جانب سے کم از کم50 ہزار میٹرک ٹن کی پیشکش ہی قابلِ قبول ہوگی۔ٹی سی پی کے ٹینڈر کے تحت گندم کی ترسیل کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں پر سی ایف آر کی بنیاد پر کی جائے گی۔

گندم کی درآمد کے لیے بولیاں16 ستمبر تک جمع کرائی جا سکیں گی اور اسی روز بولیاں کھولی جائیں گی۔ٹی سی پی کے مطابق درآمدی گندم کو صوبوں کی طلب اور ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے تقسیم کیا جائے گا۔ مجموعی طور پر3 لاکھ ٹن گندم سندھ،2 لاکھ 50 ہزار ٹن پنجاب جبکہ 2 لاکھ ٹن خیبرپختونخوا کو فراہم کی جائے گی۔

اقتصادی سروے 2025-26 ء کے مطابق ملک میں گندم کی سالانہ کھپت تقریباً3 کروڑ 13 لاکھ ٹن ہے جبکہ گزشتہ مالی سال گندم کی پیداوار2 کروڑ96 لاکھ10 ہزار ٹن رہی۔