گھریلو ملازمین پر تشدد کرنے والے ہوجائیں ہوشیار،اب جرمانہ ہوگا

اسلام آباد:سینیٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ نے کرمنل لا ترمیمی بل2026 ء منظورکرلیا۔سینیٹ قائمہ کمیٹی داخلہ کے اجلاس میں سینیٹر سرمد علی نے کرمنل لا ترمیمی بل2026 ء پیش کیا جسے کمیٹی نے منظور کرلیا۔

سینیٹرسرمد علی نے کہا کہ گھریلو ملازمین کو تنخواہ نہیں ملتی، تشدد بھی ہوتا ہے، بل کے تحت گھریلو ملازمین پر ظلم کرنے پر جرمانہ عائد کیا جائے، کم از کم جرمانہ ہونے سے ایک رکاوٹ یا ڈر ہوگا۔

اس پر چیئرمین کمیٹی فیصل سلیم رحمان نے کہا کہ اسی قسم کا قانون اسلام آباد میں پہلے سے موجود ہے، پہلے سے موجود قوانین اور اس کا ایک تقابلی چارٹ آئندہ اجلاس میں پیش کریں۔

اس پر وزیرمملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا کہ ہرکہانی کے دو رخ ہوتے ہیں، گھریلو ملازمین کی شکایت پر جرمانے ہونے لگے تو مسائل ہونگے ، فیصل آباد میں پوش جگہ پر مافیا ہیں، یہ پولیس کو2 ،2 ہزاردیکر مالکان کے خلاف مقدمات درج کراتے ہیں، یہ سرمد صاحب سے زیادتی ہے، خواتین کے سارے بل منظور کرلیے اور ان کا موخرکردیا۔

طلال چودھری کے موقف پر سینیٹر ثمینہ زہری نے کہا کہ مافیا کون ہے کون نہیں یہ شناخت کرنا آپ کا کام ہے، بلوچستان میں مالکان نے ملازمین کے پورے خاندان کو کنویں میں الٹا لٹکادیا تھا، اس ملک کا کچھ نہیں بننا، یہاں کوئی کسی کا کچھ نہیں بگاڑسکتا۔

چیئرمین کمیٹی فیصل سلیم رحمان نے کہا کہ اس پر صوبوں کی رائے لے لیتے ہیں، ابھی4 صوبوں سے رائے لینے کی بات کررہے ہیں پھر پتا نہیں کتنوں سے لینا پڑے گی۔سینیٹر سرمد علی نے کہا کہ بل پر ووٹنگ کرالیں، ووٹنگ کے بعد کمیٹی نے متفقہ طور پر بل منظور کر لیا۔