اسرائیل کی ایران کو دوبارہ حملے کی دھمکی

اسرائیل نے ایران کو دوبارہ حملے کی دھمکی دے دی۔

اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اگر ایران نے جوہری یا بیلسٹک میزائل پروگرام بحال کرنے کی کوشش کی تو دوبارہ حملہ کریں گے،تہران اور واشنگٹن میں کوئی معاہدہ ہی کیوں نہ ہوجائے، اسرائیل پرواہ نہیں کرے گا۔

اسرائیلی وزیرکا کہنا ہے کہ اسرائیل نے پہلے بھی اپنی فوجی صلاحیت ثابت کی ہے،دوسری جانب اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ امریکی اسرائیلی حملوں نے ایرانی جوہری پروگرام کو تقریباً2سے 4سال پیچھے دھکیل دیا ہے۔

دوسری جانب ایران کے آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ حالیہ تنازعات میں دشمن ایران کے خلاف اپنے کسی بھی اسٹریٹجک مقصد کو حاصل کرنے میں ناکام رہا۔

ایرانی فوج کے شہدا کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر حاتمی نے کہا کہ جنگ میں کامیابی کا معیار یہ ہے کہ دشمن کو اپنے مقاصد حاصل کرنے سے روکا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے دفاعی نظام کو نشانہ بنانے کی بھرپور کوششوں کے باوجود ایرانی مسلح افواج نے جنگ کے اختتام تک میزائلوں اور ڈرونز کا مؤثر استعمال جاری رکھا۔ ایرانی فضائی دفاع نے بھی متعدد دشمن ڈرونز، جنگی طیاروں اور اہم اسٹریٹجک تنصیبات کو نقصان پہنچایا۔

امیر حاتمی نے ایرانی دفاعی قوت کو کمزور کیے جانے سے متعلق بیرونی دعوؤں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ دشمن اچھی طرح جانتا ہے کہ ایران کی مسلح افواج اب بھی طاقت، عزم، جدت اور بہادری کے ساتھ ڈٹی ہوئی ہیں۔