راولپنڈی اور اسلام آباد میں تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث کئی نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے، جبکہ جی-6 کے انڈر پاس بارش کے پانی سے بھر گئے۔ چھٹہ بختاور میں سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں اور کئی گھروں میں پانی داخل ہوگیا۔
شدید بارش کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی، جبکہ راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کرکے واسا کا عملہ اور ہیوی مشینری کو نکاسی آب کے لیے تعینات کر دیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے آج اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مزید بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے چند مقامات پر موسلادھار بارش اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ ادھر دریائے سندھ میں کالاباغ کے مقام پر درمیانے درجے جبکہ تربیلا، چشمہ، تونسہ، گڈو اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا۔

