امریکا جانے والوں کیلئے بڑاجھٹکا،ویزافیس میں بڑے اضافے کی تیاری

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے غیر ملکی ہنرمند اور اعلیٰ تعلیم یافتہ کارکنوں کے لیے H-1B ویزا کی فیس میں غیر معمولی اضافے کی تجویز پیش کردی ہے۔

نئی تجویز کے تحت نئے ویزے کے لییایک لاکھ3 ہزار265 ڈالر کی فیس عائد کی جاسکتی ہے جس سے امریکا میں ملازمت کے خواہش مند غیر ملکی کارکنوں اور انہیں ملازمت دینے والی کمپنیوں پر بڑا مالی بوجھ پڑے گا۔

رائٹرز کے مطابق امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکورٹی نے اس حوالے سے مجوزہ ضابطہ جاری کیا۔اس تجویز پر عوام کو30 دن تک اپنی رائے دینے کا موقع دیا جائے گا جبکہ امکان ہے کہ حتمی ضابطہ رواں سال کے اختتام تک نافذ کیا جاسکتا ہے۔

یہ فیس اس رقم سے کہیں زیادہ ہے جو ماضی میںویزے کے لیے ادا کی جاتی تھی۔مختلف حالات کے مطابق اس ویزا کی فیس عموماً 2 ہزار سے 5 ہزار ڈالر تک ہوتی تھی تاہم نئی تجویز کے بعد فیس میں کئی گنا اضافہ ہوجائے گا۔

H-1B ویزا امریکا میں موجود کمپنیوں کو خصوصی شعبوں میں مہارت رکھنے والے غیر ملکی کارکنوں کو ملازمت دینے کی اجازت دیتا ہے۔ اس پروگرام کے تحت ہر سال 65 ہزار ویزے جاری کیے جاتے ہیں جبکہ اعلیٰ تعلیمی ڈگری رکھنے والے افراد کے لیے مزید20 ہزار ویزے مختص ہوتے ہیں۔ یہ ویزے عام طور پر تین سے چھ سال تک کی مدت کے لیے منظور کیے جاتے ہیں۔