پاکستان میں معدنی وسائل کے شعبے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں سندھ کے ضلع خیرپور میں اعلیٰ معیار کے لیتھیم کی دریافت کے بعد ملک میں مقامی لیتھیم صنعت کے قیام کی راہ ہموار ہونے لگی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (OGDCL) نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (PINSTECH) کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے، جس کا مقصد جیوتھرمل نمکیاتی پانی (Geothermal Brine) سے تجارتی پیمانے پر لیتھیم نکالنے کی ٹیکنالوجی تیار کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق خیرپور میں ایک کنویں سے لیتھیم کی موجودگی سامنے آنے کے بعد سندھ میں مزید 8 سے 10 کنوؤں پر تحقیق اور تلاش کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق لیتھیم جدید ٹیکنالوجی، الیکٹرک گاڑیوں، موبائل فونز، بیٹریوں اور قابل تجدید توانائی کے ذخائر میں استعمال ہونے والی ایک اہم معدنیات ہے، جس کی عالمی سطح پر طلب میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

