کراچی:انٹر نیشنل ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کا غائب ہونا معمول کی بات ہے۔
گلاسگو میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمزمیں پاکستان کے لیے واحد کانسی کا تمغہ خاتون باکسر فاطمہ زہرا نے جیتا اور مرد باکسر ناکام رہے لیکن کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے باکسر قدرت اللہ خراب کارکردگی کے بعدگلاسگو میں غائب ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گلاسگو میں ختم ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں شریک پاکستانی باکسر قدرت اللہ پاکستان آنے والی فلائٹ میں سوار نہیں ہوئے اور اتوار کو گیمز ختم ہونے کے بعدپاکستان باکسنگ ٹیم وطن واپسی کے لیے گلاسگو سے روانہ ہوچکی ہے۔
صدر پاکستان باکسنگ فیڈریشن کرنل (ر)ناصر تونگ نے کہا کہ مجھے کسی باکسر کے غائب ہونے کا علم نہیں ہے لیکن ذرائع تصدیق کررہے ہیں قدرت اللہ نے واپس آنے سے گریز کیا ہے۔واضح رہے کہ2022 ء میں انگلینڈ میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز سے بھی دو باکسر روپوش ہوگئے تھے۔

