کراچی:سپرہائی وے جمالی پل سے ایوب گوٹھ جاتے ہوئے تیز رفتارٹرک ڈرائیورسے بے قابوہونے کے بعد موٹرسائیکل سواروں پر چڑھ گیا، موٹرسائیکل پرسوارچچا بھتیجے سمیت3افراد جاں بحق ہوگئے۔
سائٹ سپرہائی وے صنعتی ایریا تھانے کے علاقے سپرہائی وے جمالی پل سے ایوب گوٹھ جاتے ہوئے تیزرفتارٹرک رجسٹریشن نمبر جے زیڈ0111 ڈرائیورسے بے قابوہونے کے بعد موٹرسائیکل سواروں پرچڑھ گیا جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل رجسٹریشن نمبر کے ایل ایس0021 پر سوار3افراد شدید زخمی ہوگئے۔
خوفناک حادثے میں شدید زخمی ہونے والے افراد کوفلاحی تنظیموں کی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اورسول اسپتال منتقل کیا گیا، خوفناک حادثے کی اطلاع ملنے پرپولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔حادثے میں شدید زخمی ہونے والے تینوں افراد دوران علاج دم توڑگئے۔
جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت30 سالہ حبیب ولد اقبال ،50 سالہ وقار ولد سلیم اور28 سالہ شخص کی شناخت عدیل ولد غلام مصطفی کے نام سے کی گئی۔
حادثے میں جاں بحق50 سالہ وقاراور35 سالہ حبیب آپس میں چچا بھتیجے تھے اوراحسن آباد کے رہائشی اور فرنیچرکا کام کرتے تھے، متوفی حبیب شادی شدہ تھا جبکہ متوفی وقار2 بیٹیوں اور ایک بیٹے کے باپ تھے۔
حادثے میں جاں بحق افراد کام پر جا رہے تھے کہ خوفناک حادثے میں جاں بحق ہو گئے، ایس ایچ اوسائٹ سپر ہائی وے چودھری محمد نواز کے مطابق حادثہ سپرہائی وے جمالی پل سے ایوب گوٹھ جاتے ہوئے یو ٹرن پر پیش آیا۔
انھوں نے بتایا کہ تیز رفتار ٹرک کایوٹرن لیتے ہوئے بریک فیل ہوگیا تھا جس کے باعث ٹرک موٹر سائیکل سواروں پرچڑھ گیا۔
انھوں نے بتایا کہ حادثے کے فوری بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ٹرک کو تحویل میں لیکراس کے ڈرائیورشہباز ولد عبدالخالق کوگرفتار کرلیا،گرفتار ٹرک ڈرائیور کیخلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

