اسلام آباد:پاکستانی پاسپورٹ عالمی درجہ بندی میں دو درجے بہتر ہوتے ہوئے 103سے101 نمبر پر آگیا ہے تاہم گرین پاسپورٹ اب بھی دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹس میں شامل ہے اور صرف عراق ، شام اور افغانستان سے بہتر ہے۔
پاکستان کا پاسپورٹ عالمی درجہ بندی میں2 درجے بہتری کے بعد سے 101 نمبر پر آگیا ہے، اس کے ساتھ ہی پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے افراد اب 29 ممالک یا خطوں میں بغیر پیشگی ویزا کے سفر کر سکتے ہیں۔
2026 ء میں یہ درجہ بندی عالمی شہریت اور رہائش سے متعلق مشاورتی ادارے ہینلے اینڈ پارٹنرز کی جانب سے جاری کی گئی ہے جس میں دنیا کے 199 پاسپورٹس اور 227 سفری مقامات کا جائزہ لیا جاتا ہے۔
پاسپورٹ انڈیکس میں پاسپورٹ کی طاقت کا اندازہ اس بنیاد پر لگایا جاتا ہے کہ اس کے حامل افراد کتنے ممالک یا علاقوں میں بغیر پیشگی ویزہ کے داخل ہو سکتے ہیں۔
مذکورہ ادارے کے مطابق بعض صورتوں میں سفری پابندیاں ویزا پالیسی پر اثر انداز ہو سکتی ہیں۔ اس درجہ بندی میں سنگاپورکا پہلانمبر برقرار ہے، بھارت 81 ویں جبکہ افغانستان فہرست کے سب سے آخر میں موجود ہے۔

