کراچی پورٹ نے اپنی 138 سالہ تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کرلیا

کراچی پورٹ نے مالی سال 2025،26 میں اپنی 138 سالہ تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کرلیا۔

چیئرمین کے پی ٹی کے مطابق ایک سال کے دوران کراچی پورٹ پر 5 کروڑ 50 لاکھ ٹن کارگو ہینڈل کیا گیا، جبکہ 27 لاکھ 50 ہزار کنٹینرز اور 2015 کارگو جہازوں کو کامیابی سے سہولت فراہم کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ خطے کی صورتحال کے باوجود کارگو فیڈر سروس شروع کی گئی اور کراچی سے عمان سمیت دیگر ممالک کے لیے ٹرانس شپمنٹ کارگو کی ترسیل کا آغاز کیا گیا۔

چیئرمین کے پی ٹی کے مطابق کراچی پورٹ عالمی ٹرانس شپمنٹ حب کے طور پر ابھر رہا ہے جبکہ غیر ملکی جہازوں کے لیے بنکرنگ سروس سے قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوا۔ نومبر سے اب تک 135 سے زائد جہازوں کو بنکرنگ سروس فراہم کی جا چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانس شپمنٹ کے فروغ کے لیے پورٹ اور ٹرمینل آپریٹرز کے چارجز میں کمی کی گئی اور کاروبار دوست ماحول کے لیے ریگولیشنز آسان بنائے گئے۔ میری ٹائم ٹاسک فورس کے ننانوے میں سے پچاسی سے زائد اہداف مکمل کر لیے گئے ہیں۔