سائبر مہم چلانے کا الزام،روس پر نئی یورپی پابندیاں عائد

لندن:یورپی ممالک نے روس پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ای یو ممالک کے خلاف سائبر مہم چلا رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یورپی یونین میں شامل ممالک نے روس پر سائبرحملوں کا الزام عائد کیا ہے جبکہ جرمنی نے یورپی ممالک کے الزام پر روسی سفیر کوطلب کرلیا ہے۔

جرمن وزارت خارجہ کا کہناہے جرمنی، ای یوپارٹنرز اور یوکرین کیخلاف سائبرحملے ناقابل قبول ہیں،روسی سائبرحملوں کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا جس میں مزید پابندیاں عائد کرنابھی شامل ہوسکتاہے۔

دوسری جانب یورپی یونین اور برطانیہ نے یورپ میں ہونے والے سائبر حملوں کے سلسلے میں روس کے خلاف مشترکہ طور پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔یورپی یونین نے9 روسی شخصیات اور 4 اداروں پر پابندیاں عائد کیں جبکہ برطانیہ نے مزید24 افراد اور اداروں کو بلیک لسٹ میں شامل کردیاہے۔