کراچی:وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی مجلس عاملہ،مجلس شوریٰ اور مجلس عمومی کے مشترکہ انتخابی اجلاس میں مولانا مفتی محمد تقی عثمانی کو بلامقابلہ دوسری مرتبہ صدر اور مولانا حنیف جالندھری کو مسلسل ساتویں مرتبہ بلامقابلہ ناظمِ اعلیٰ منتخب کر لیا گیا۔
جامعہ دارالعلوم کراچی میں منعقدہ اہم انتخابی اجلاس میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر سے وفاق المدارس کے عہدیداران، مجلس عاملہ، مجلس شوریٰ اور مجلس عمومی کے ایک ہزار سے زائد ارکان،ممتاز شیوخ الحدیث، جید علمائے کرام، دینی و سماجی شخصیات اور مدارس دینیہ کے مہتممین و ذمہ داران نے شرکت کی۔
انتخابی اجلاس میں مولانا فضل الرحمن نے صدر کے لیے مولانا مفتی محمد تقی عثمانی اور ناظمِ اعلیٰ کے لیے مولانا محمد حنیف جالندھری کے نام پیش کیے جنہیں شرکاء نے بلامقابلہ منتخب کرلیا۔منتخب صدر اور ناظم اعلیٰ آئندہ پانچ سالہ مدت کے لیے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی قیادت و نظامت کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی تقریباً ستر سالہ تاریخی روایت کے مطابق مجلس عمومی کے ایک ہزار سے زائد ارکان نے مکمل اتفاقِ رائے سے دونوں شخصیات کو آئندہ پانچ سال کے لیے بلامقابلہ صدر اور ناظمِ اعلیٰ منتخب کیا۔
جاری کردہ بیان کے مطابق یکم جولائی کو مجلس عاملہ کا اجلاس منعقد ہوا جبکہ 2 جولائی کو وفاق المدارس کے عہدے داروں، مجلس عاملہ، مجلس شوریٰ اور مجلس عمومی کا مشترکہ انتخابی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے شرکاء کے لیے قیام و طعام اور سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے۔
واضح رہے کہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی مجلس شوریٰ358 جبکہ مجلس عمومی 1623 ارکان پر مشتمل ہے جو ملک بھر کے ہزاروں دینی مدارس کا نمائندہ فورم ہے۔وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قیام سے اب تک متعدد ممتاز علمائے کرام، محدثین اور اکابرین نے صدر کے منصب پر خدمات انجام دیں۔
مولانا مفتی محمد تقی عثمانی سے قبل بالترتیب علامہ شمس الحق افغانی،شیخ الحدیث مولانا خیر محمد جالندھری،محدث کبیر مولانا سید محمد یوسف بنوری، مفکرِ اسلام مولانا مفتی محمود،مولانا محمد ادریس میرٹھی، استاذ المحدثین مولانا سلیم اللہ خان اور مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی صدارت کے منصب پر فائز رہے۔
اسی طرح مولانا محمد حنیف جالندھری سے قبل مفکرِ اسلام مولانا مفتی محمود، مولانا محمد ادریس میرٹھی، رئیس المحدثین مولانا سلیم اللہ خان، امام اہلِ سنت مولانا مفتی احمد الرحمن، محقق و مصنف مولانا ڈاکٹر حبیب اللہ مختار شہیدمختلف ادوار میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ناظمِ اعلیٰ کے منصب پر خدمات انجام دیتے رہے۔

