نمبر نہیں، یوزر نیم، واٹس ایپ نے بڑی تبدیلی متعارف کرادی

انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے صارفین کی پرائیویسی کے لیے نیا یوزر نیم فیچر متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اب صارفین کو واٹس ایپ کے ذریعے اپنی فیملی، دوستوں یا کسی سے بھی شخص سے رابطہ کرنے کے لیے اپنا فون نمبر بتانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

بیان میں بتایا ہے کہ واٹس ایپ کے نئے ’یوزر نیم‘ فیچر کی مدد سے اب صارفین اپنا فون نمبر محفوظ رکھنے کے لیے منفرد ’یوزر نیم‘ منتخب کر سکیں گے۔

میٹا کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ فون نمبرز تک رسائی کو محدود کرنے کا مطلب یہ ہوگا کہ واٹس ایپ کے کسی گروپ کو جوائن کرنے یا کسی شخص یا ادارے کو پہلی بار میسج کرنے جیسے معاملات میں کسی بھی صارف کا نمبر دیگر صارفین کے ساتھ خود بخود شیئر نہیں ہو گا۔

بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ جب ’یوزر نیم‘ فیچر کی مدد سے آپ ایک بار’یوزر نیم‘ کا انتخاب کر لیں گے تو پھر جو کوئی بھی واٹس ایپ پر رابطہ کرنا چاہے اسے آپ کا صحیح ’یوزر نیم‘ معلوم ہونا ضروری ہے۔

میٹا نے صارفین کو آگاہ کیا ہے کہ دنیا بھر میں واٹس ایپ کے تقریباً 3 ارب صارفین موجود ہیں، اس لیے ممکن ہے کہ صارفین کو اپنی پسند کا ’یوزر نیم‘ نہ مل سکے۔

بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ معروف شخصیات اور اعلیٰ سرکاری عہدیداروں کے نام عام صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے تاکہ جعل سازی اور دھوکہ دہی سے بچا جا سکے۔