لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی میچ فیس میں اضافے کی منظوری دے دی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا اجلاس ہوا جس میں مالی سال 27 -2026 کے سرپلس بجٹ کی متفقہ منظوری دی گئی۔
اجلاس میں پی ایس ایل کو انتظامی و مالیاتی طور پر خودمختار بنانے اور پی ایس ایل 12 کے بجٹ کی بھی منظوری دی گئی جبکہ ملک میں ڈومیسٹک کرکٹ کا بجٹ 3 ارب روپے سے بڑھا کر4 ارب روپے کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اجلاس میں نئے سینٹرل کنٹریکٹ کے فارمیٹ اور ادائیگی کے طریقہ کار اور قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے میچ فیس میں اضافے کی منظوری بھی دی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والوں کی میچ فیس 15 لاکھ روپے ہو گی جبکہ ون ڈے والوں کو ساڑھے6 لاکھ میچ فیس ملے گی اور ٹی ٹوئنٹی والوں کو ساڑھے 4 لاکھ فی میچ ملیں گے۔ذرائع کے مطابق اے اور بی کیٹیگری میں ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑی شامل ہوں گے۔
اے کیٹیگری میں شامل ٹیسٹ کھیلنے والے کھلاڑی کو 15 لاکھ روپے میچ فیس ملے گی جبکہ اے کیٹیگری میں شامل ون ڈے کھیلنے والے کھلاڑی کو ساڑھے 7 لاکھ روپے فی میچ ملیں گے۔ اسی طرح اے کیٹیگری میں شامل ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والوں کو ساڑھے 6 لاکھ روپے میچ فیس ملے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بی کیٹیگری میں شامل ون ڈے کھیلنے والے کھلاڑی کو ساڑھے 7 لاکھ روپے اور ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے کو پانچ لاکھ روپے ملیں گے۔ سی کیٹیگری میں شامل کھلاڑی صرف ٹی ٹوئنٹی کھیلیں گے جن کی میچ فیس 5 لاکھ روپے ہوگی، اگر سی کیٹیگری میں شامل کوئی کھلاڑی ون ڈے کھیلے گا تو بھی اسے پانچ لاکھ روپے میچ فیس ہی ملیں گی۔
پی سی بی بورڈ آف گورنرز نے قائداعظم ٹرافی کے کھلاڑیوں کی میچ فیس 30 ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے جبکہ ریزرو پلیئرز کی میچ فیس 15 ہزار روپے سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کرنے کی بھی منظوری دی۔
بورڈ آف گورنرز نے ویمنز ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹس کے انعقاد اور اس ضمن میں فنڈز مختص کرنے کی منظوری بھی دی جبکہ ریجنل گرائونڈ اسٹاف کی کم از کم تنخواہ 42 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس میں 12 مزید گرائونڈز کو آپریشنل کرنے اور نیشنل اسٹیڈیم سمیت دیگر انفرااسٹرکچرکی اپ گریڈیشن کے لیے 6 ارب 70کروڑ روپے کی منظوری دی گئی جبکہ ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں بائیو میکینس مشین لگانے کے لیے فنڈز مختص کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

