اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے لیے33امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ انتخابات میں روایتی الیکٹیبلز کے بجائے نوجوان اور نظریاتی کارکنوں کو میدان میں اتارا جائے گا۔صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے پارلیمانی بورڈ کی سفارشات چیئرمین بیرسٹر گوہر کو ارسال کر دی ہیں۔
پارلیمانی بورڈ نے طویل مشاورت کے بعد 31 حلقوں کے امیدواروں کے ناموں کی منظوری دی جبکہ دو حلقوں، لچھراٹ اور میرپور سٹی کے امیدواروں کا فیصلہ تاحال موخر رکھا گیا ہے۔پارٹی کے مطابق سردار عبد القیوم نیازی ایل اے-18 عباسپور سے انتخاب لڑیں گے۔
خواجہ فاروق احمد مظفرآباد سٹی، میر عتیق الرحمن کٹلہ، ذیشان حیدر چکار، عنصر پیرزادہ لیپہ، چودھری غلام ربانی ڈڈیال، چودھری ظفر انور چکسواری، چودھری حمید پوٹھی کھڑی شریف،چودھری آصف بھمبر سٹی اور طیب افتخار حسین برنالہ سے امیدوار ہوں گے۔

