کرپشن کے بغیر سندھ میں کوئی کام نہیں ہوتا،اپوزیشن لیڈر

کراچی:سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن کے بغیر سندھ میں کوئی کام نہیں ہوتا،سرکاری افسران کمیشن لیتے ہیں اور کمیشن کو اپنا حق سمجھتے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی کا کہنا تھا کہ حکومتی اراکین جسے کامیاب بجٹ سمجھتے ہیں،ایسا لگا کہ یہ بجٹ سندھ کے عوام کو خسارے میں ڈال رہا ہے۔علی خورشیدی کا کہنا تھا کہ ہم سے کہا جاتا ہے کہ وفاق میں حکومتی عہدوں سے استعفادیں۔

اگر پیپلز پارٹی صدر مملکت،چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی اسپیکر کو قومی اسمبلی سے استعفے دلوائے تو ایم کیو ایم کے وفاقی وزرا بھی استعفا دینے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے چھوٹے گریڈ کے ملازمین کی تنخواہ میں کم سے کم 20 فیصد اضافے اور پولیس کے سپاہی کی تنخواہ پنجاب پولیس کے برابرکرنے کا مطالبہ کیا اورکہا کہ مختلف محکموں کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کا مسئلہ حل کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام جاننا چاہتے ہیں کہ سانحہ گل پلازا کیسے ہوا؟سانحہ گل پلازا کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے۔