مذہبی طور پر حساس مواد دکھانے پر جیو نیوز کی نشریات 15 دن کیلئے بند کردی گئیں

پیمرا نے مذہبی طور پر حساس مواد دکھانے پر جیو نیوز کا لائسنس 15 روز کے لیے معطل کرتے ہوئے چینل کی نشریات فوری طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے، جس کے بعد چینل کی نشریات بند ہوچکی ہیں۔

پیمرا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 10 محرم الحرام 26 جون 2026 کو نشر ہونے والے پروگرام “سفرِ عشق” میں ایسی مذہبی تصویر کشی اور تصوراتی عکاسی کی گئی جو نہ صرف لائسنس کی شرائط کے منافی ہے بلکہ مذہبی، معاشرتی اور ثقافتی اقدار سے بھی متصادم قرار دی گئی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ مواد پیمرا قوانین اور ضابطہ اخلاق کی متعدد شقوں کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے، جس کے باعث عوامی مذہبی جذبات مجروح ہونے اور مذہبی ہم آہنگی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوا۔ اسی بنیاد پر جیو نیوز کے خلاف فوری ریگولیٹری کارروائی عمل میں لائی گئی۔

پیمرا نے واضح کیا کہ مذہبی نوعیت کے پروگرام نشر کرتے وقت براڈکاسٹرز پر لازم ہے کہ وہ انتہائی احتیاط سے کام لیں اور ادارے کی اندرونی نگرانی کمیٹی ایسے حساس معاملات کا مؤثر جائزہ لے۔ اعلامیے کے مطابق جیو نیوز اس ذمہ داری کو پورا کرنے میں ناکام رہا۔

اتھارٹی نے حکم دیا ہے کہ جیو نیوز کی نشریات سیٹلائٹ سمیت تمام نشریاتی نیٹ ورکس پر 15 دن تک معطل رہیں گی، جبکہ تمام ڈسٹریبیوٹرز اور آپریٹرز کو ان احکامات پر فوری عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔

پیمرا نے مزید کہا کہ اس معاملے پر اس کی شکایات کونسل بھی سماعت کرے گی اور مزید ریگولیٹری کارروائی سے متعلق سفارشات مرتب کرے گی۔ ساتھ ہی جیو نیوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ادارے کے اندرونی سطح پر انکوائری کرے اور آئندہ ایسی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے۔

پیمرا کے مطابق یہ تمام احکامات پیمرا قوانین اور متعلقہ ضوابط کے تحت جاری کیے گئے ہیں۔