قومی اسمبلی نے ایران امریکا امن ڈیل پر تہنیتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔
وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ نے قرارداد ایوان میں پیش کی۔ قرارداد میں ایوان نے ایران امریکا مذاکرات کامیاب ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم، ڈپٹی وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سمیت پوری ٹیم کو خراج تحسین کیا گیا۔
قرار داد کے متن کے مطابق پاکستان کی سفارتکاری نے ملک کو عالمی سطح پر قابل اعتماد، غیرجانبدار ثالث کے طور پر منوایا، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کے امن پسند، مثبت اور تعمیری عالمی کردار کو سراہا گیا۔
متفقہ قرارداد میں عالمی امن، علاقائی استحکام، مذاکرات، مصالحتی سفارتکاری کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے، قومی اسمبلی نے تاریخی امن معاہدے کو خطے اور دنیا میں پائیدار امن و استحکام کیلئےاہم پیشرفت قراردےدیا۔
قرارداد میں خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے فعال، ذمہ دارانہ اور مصالحتی کردار کو قومی اعزاز قرار دیدیا گیا ہے۔

