پاکستانی ٹیموں نے تیسری ایشین ڈبل اسکواش چیمپین شپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔
میڈیا ذرائع کے مطابق ملائشیا کے شہر سرا واک میں جاری تیسری ایشن ڈبل اسکواش چیمپین شپ کے پول بی میں عالمی انڈر 23 چیمپئن نور زمان اور سابق قومی چیمپئن ناصر اقبال پر مشتمل پاکستان ٹیم ون نے بھارت کو بآسانی 0-2 سے شکست دے دی۔
گروپ میں ناقابل شکست رہنے والی پاکستان ٹیم ون نے اپنے پہلے میچ میں جاپان اور دوسرے مقابلے میں سنگاپور کو ہرایا تھا۔
پاکستان ٹو ٹیم پہلے میچ میں چائنیز تائپے کو ہرانے کے بعد دوسرے میچ میں سنگاپور سے ناکام رہی تھی۔
دوسری جانب سابق عالمی جونیئر چیمپئن محمد حمزہ خان اور انٹرنیشنل کھلاڑی محمد عاصم خان پر مشتمل پاکستان ٹیم ٹو نے پول ڈی کے تیسرے میچ میں ہانگ کانگ کو 26 منٹ کی جدوجہد کے بعد 0-2 سے زیر کرلیا۔
پاکستان اسکواش فیڈریشن کے اعزازی سیکریٹری ایئر کموڈور ریٹائرڈ عامر نواز، ٹیم منیجر اور سابق عالمی کھلاڑی فہیم گل کوچ کی ذمہ داری ادا کر رہے ہیں۔

