محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے اٹک کے سرحدی علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 5 خطرناک دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں اور سی ٹی ڈی اہلکاروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق آپریشن خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے کیا گیا تھا، تاہم سی ٹی ڈی ٹیم کو دیکھتے ہی دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی کارروائی میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے ایک خودکش جیکٹ، 2 دستی بم، 3 ایس ایم جیز، بھاری مقدار میں گولیاں اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔ سیکیورٹی اداروں نے تمام اسلحہ اور دھماکا خیز مواد تحویل میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دہشت گرد پنجاب کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی مکمل کر چکے تھے، تاہم بروقت کارروائی کے نتیجے میں ممکنہ دہشت گرد حملہ ناکام بنا دیا گیا۔
حکام کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ اٹک اور ملحقہ سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن بھی جاری رکھا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خطرات کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

