امریکا نے بھارت کو کھری کھری سنا دیں

امریکا نے ایرانی بندرگاہوں پر مبینہ ناکہ بندی کی خلاف ورزی کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ہرمز آبنائے میں جہازوں کو امریکی احکامات پر لازمی عمل کرنا ہوگا۔

امریکی سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو نے بھارتی اعلیٰ سفارت کار سے گفتگو میں سخت مؤقف اختیار کیا کہ خطے میں کسی بھی قسم کی غیرقانونی ترسیل اور پابندیوں کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق مارکو روبیو نے گفتگو کے دوران اس بات پر زور دیا کہ ہرمز کے حساس آبی راستے میں چلنے والے بحری جہازوں کو امریکی ہدایات کے مطابق ہی نقل و حرکت کرنا ہوگی، جبکہ کسی بھی مشکوک یا غیر مجاز سرگرمی کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

اسی دوران تین بھارتی ملاحوں کی ہلاکت کے معاملے پر بھارت کی جانب سے پیش کیا گیا احتجاج بھی امریکا نے مسترد کر دیا۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ خطے میں جاری کارروائیاں بین الاقوامی قوانین اور سیکیورٹی تقاضوں کے مطابق ہیں، جبکہ اس حوالے سے بھارت کے تحفظات کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔

رپورٹ کے مطابق امریکی سیکریٹری خارجہ نے بھارتی سفارتی نمائندے پر واضح کیا کہ موجودہ صورت حال میں بحری راستوں کی نگرانی اور پابندیوں کا نفاذ انتہائی ضروری ہے تاکہ غیرقانونی ترسیل اور ممکنہ خطرات کو روکا جا سکے۔

یاد رہے کہ خلیج عمان میں آبنائے ہرمز کے قریب امریکی حملوں میں بھارتی عملے والے ایک آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں تین بھارتی ملاح ہلاک ہوگئے تھے جب کہ بقیہ 21 کو عمانی کوسٹ گارڈ نے بحفاظت نکالا۔

اس واقعے کے بعد بھارت نے امریکی سفارت کار کو طلب کرکے باضابطہ طور پر سخت احتجاج ریکارڈ کرایا تھا اور اس اقدام کو غیر ضروری اور ناقابل قبول قرار دیا تھا۔