دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ دو ہفتے میں سفارتی سطح پر بہت مصروفیات رہیں۔ وزیراعظم نے چین کا کامیاب دورہ کیا، پاکستان اور چین مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔
ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے دورہ چین کے بعد امریکا کا دورہ کیا، امریکی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں ہوئیں، ملاقاتوں میں نائب وزیراعظم نے امن کے قیام کیلئے کوششوں پر گفتگو کی، مارکو روبیو نے پاکستان کے ثالثی کے کردار کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ8 ممالک کے وزرائے خارجہ نے مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت کی، مشرقی القدس کی حیثیت تبدیل کرنے کی کوششوں کی بھی مذمت کی گئی، اسرائیل سے فوری طور پر غیر قانونی اقدامات روکنے کا مطالبہ کیا گیا، ترجمان نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت کے مؤقف پر بدستور قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن کے لیے مسلسل سفارتی کوششیں کر رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا مؤقف ہمیشہ سے یہی رہا ہے کہ اختلافات کا حل جنگ نہیں بلکہ مذاکرات اور سفارت کاری ہیں۔

