کراچی،کروڑوں کی ڈکیتی،کیمرے خراب،پولیس کو تفتیش میں مشکل

کراچی:گلستان جوہرکے شاپنگ سینٹر میں4سنارکی دکانوں میں واردات کے دوران نامعلوم مسلح ملزمان 3کروڑروپے سے زائد مالیت کا سونا اورلاکھوں نقدی لوٹ کرفرارہوگئے۔

واردات کامقدمہ شارع فیصل تھانے میں نامعلوم مسلح ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا۔بسیرا شاپنگ سینٹرکے اندربڑی واردات کے دوران ناملوم مسلح ملزمان4دکانوں سے3کروڑروپے سے زائد مالیت کا سونا اورلاکھوں نقدی لوٹ کرفرارہوگئے۔

سنارمارکیٹ کے صدرومتاثرہ سناراعجازحسین نے واردات کا مقدمہ شارع فیصل تھانے میں نامعلوم مسلح ملزمان کے خلاف درج کرادیا،مقدمے کے متن کے مطابق پیر کی شام ساڑھے سات بجے کے قریب واردات میں ملوث4نامعلوم ملزمان بیٹیلاریب کی بند دکان کا شیشہ توڑکراندرداخل ہوئے اورلوٹ مار کی،ملزمان دکان سے 2کروڑ19لاکھ روپے کا سونا،20لاکھ روپے نقدی لیکر فرار ہوئے۔

مسلح ملزمان نے دوسری دکان پر موجود ملازم جمیل سے 40لاکھ روپے کا سونا بھی چھینا۔مسلح ملزمان نے تیسری دکان کے مالک شرجیل سے آئی فون اور چوتھی دکان سے اسلحہ کے زورپر70 لاکھ روپے کاسونا لوٹا۔

واردات کے بعد مسلح ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے فائرنگ بھی کی جس سے دکان کا شیشہ ٹوٹ گیا۔دکان کا شیشہ ٹوٹنے سے ایک ملزم زخمی بھی ہوا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جس جگہ واردات ہوئی وہاں سی سی ٹی وی کیمرے خراب تھے۔پولیس نے مسلح ملزمان کے آنے جانے کے راستوں کا تعین کرلیا ہے جبکہ کرائم سین یونٹ نے اہم شواہد جمع کرلئے واردات کی مختلف پہلوئوں پرتفتیش جاری ہے جلد مسلح ملزمان کوگرفتارکرلیا جائیگا۔