کراچی:کے الیکٹرک میں نئی انتظامیہ آنے کے بعد بھی شہری غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے پریشان ہیں،نئی انتظامیہ بھی لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے میں ناکام ہوگئی۔
کے الیکٹرک نے شہر میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں غیر اعلانیہ اضافہ کردیا، شہر کے مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں 4 سے 6 گھنٹے کا اضافہ کر دیا گیا۔لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی مرمت کے نام پر تین سے پانچ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔
لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ علاقے نارتھ کراچی، شادمان ٹائون، نارتھ کراچی، سوسائٹی، گلستان جوہر، گلشن اقبال اور گلشن معمار میں بھی 2 سے 4 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ لوڈ شیڈنگ والے علاقوں میں 3 سے 5 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ دن میں چار بار کی جا رہی ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں خواجہ اجمیر نگری، نصرت بھٹو کالونی، اورنگی، ریلوے کالونی، لیاقت آباد، محمود آباد، منظور کالونی، سعود آباد، ملیر کھوکھرا پار، کورنگی، نیو کراچی، تیسر ٹائون، خدا کی بستی، کوئٹہ ٹائون، احسن آباد، کاٹھور اور گڈاپ ٹائون میں 15 سے 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔صارفین کا کہنا ہے کہ دن کے 24 گھنٹے میں صرف چار گھنٹے بجلی اور 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

