اسلام آباد:وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ ایٹاریکسز (Ataraxis)کے2026گلوبل آؤٹ سورسنگ ٹیلنٹ انڈیکس میں پاکستان 193ممالک میں سے 16ویں نمبر پر آگیا ہے۔
جاری بیان میں شزہ فاطمہ نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر سرفہرست 9فیصد ممالک میں شامل ہے،پاکستان اس وقت چین 37ویں نمبر، ویتنام 32ویں نمبر، کولمبیا 31ویں نمبر اور مغربی یورپ کے ممالک جرمنی 84ویں نمبر، فرانس 73ویں نمبر، اسپین 49ویں نمبراور برطانیہ 29ویں نمبرسے آگے ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ٹیلنٹ اسکور100میں سے 80ہے، اسی پیمانے پر پاکستان عالمی سطح پر 8ویں نمبر پر ہے ، پاکستان کی درجہ بندی یورپی یونین ملک، مشرق وسطی کے مالک اور انڈیکس میں شامل ہر افریقی ملک سے آگے ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اوسطاً تقریباً 20فیصد سالانہ شرح سے ترقی کر رہا ہے جو ہمارے ٹیکنالوجی ایکو سسٹم کی صلاحیت اور مضبوطی کا واضح ثبوت ہے۔

